فلسطینی سفیر نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت پر آغا سیدحسن کا شکریہ ادا کیا
سری نگر27 اکتوبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما ور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی کے نمائندے ایڈوکیٹ آغا سید منتظر مہدی نے بھارت میں فلسطین کے سفیر عدنان ابو الہیجہ Adnan Abu Alhaijaسے نئی دلی میں ملاقات کی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن شرعی شیعیان کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ آغا منتظر مہدی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی سفیر نے آغا سید حسن الموسوی الصفوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آغا صاحب نے ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے بھارتی حکومت کی طرف سے عائد پابندیوں کے باوجود فلسطین کاز کے حوالے سے اپنے موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
سفیر نے کہا کہ آغا سید حسن نے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جس پر وہ فلسطینی عوام کی جانب سے انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔