نگراں وزیراعظم کی طرف سے سکھ یاتریوں کوہرممکن سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت
اسلام آباد:
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کے دوران ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے یہ ہدایت سکھ یاتریوں کو پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویزہ سہولیات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سال بھرمیں منعقد ہونے والے مختلف سکھ تہوار، سکھ یاتریوں کے ویزوں اور ان کو فراہم کی گئی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنے مذہب کے مقدس مقامات کی زیارت کرنے کیلئے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کے دوران ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ویزہ کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنایا جائے، کرتارپور میں سکھ یاتریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس کو وزارت داخلہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کو میسر ویزہ سہولیات، ویزہ کے حصول میں درکار مدت، کرتار پور راہداری کے انتظامی امور اور سکھوں کے سالانہ تہواروں پر تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کرتارپور راہداری کے ذریعے اور دیگر ممالک سے زیارت کیلئے آئے سکھ یاتریوں کو مزید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔