پاکستان

بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے

download (4)اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کے اس بیان کو سراہا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم اور نسل کشی میں ملو ث ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمدشاہ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کوئی دوطرفہ مذاکرات نہیں کررہا ہے اور نہ ہی کنٹرول لائن سے تجارت کے بارے میں کوئی گفت شنید ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بیان سے تمام افوائیں دم توڑ گئی ہیں جن میں کہا جارہا تھا کہ کنٹرول لائن سے تجارت کے بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہاہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان روز اول سے ہی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کا خواہشمند رہا ہے جبکہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کی وجہ سے یہ دیرینہ مسئلہ گزشتہ سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کی بہتر انداز میں وکالت کی اور کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے۔ ایڈووکیٹ پرویز نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بھارت خود اقوا م متحدہ میں لیکرگیاتھا اور عالمی برادری کے سامنے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ایڈووکیٹ پرویز نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںاور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کو ایٹمی تصادم سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button