دفتر خارجہ کی مقبوضہ جموں وکشمیر سیاسی قیدی کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت
اسلام آباد، 19 اگست (کے ایم ایس)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس کے ہاتھوں ایک قیدی کے جعلی مقابلے میں قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارتی پولیس نے ریاستی دہشت گردی کا صریحاً مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سیاسی قیدی محمد علی حسین کو کوٹ بھلوال جیل سے جموں کے علاقے ٹوف ارنیا میں لے جا کر قتل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل سے دور ایک مقام پر محمد علی حسین کا پراسرار حالات میں قتل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں قیدیوں کے ماورائے عدالت قتل کا ایک اور دردناک واقعہ اور گھناو¿نا عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی قیدی کا یہ دوسرا ماورائے عدالت قتل ہے، اس سے قبل راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ضیاءمصطفی کو بھارتی فوجیوں نے کوٹ بھلوال جیل سے نکال کر پونچھ کے جنگلات میں لے جا کر ماورائے عدالت قتل کر دیاگیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قبل از انتخابات دھاندلی اور کھلے عام جوڑ توڑ کی دانستہ بھارتی کوششوں کو بھی واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔