بھر پور ہڑتال پر آزادی پسند کشمیریوں کا شکریہ
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آنخصوررﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے بھارتی ہندو طالب علم کے مذموم فعل کے خلاف ہڑتال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنانے پر مقبوضہ علاقے کے آزادی پسند لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام بی جے پی ، آر ایس ایس کے کسی بھی کشمیر اور اسلام مخالف ایجنڈے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور وہ حق خود ارادیت کی جاری تحریک کو ضرور اسکے منطقی انجام تک پہنچائیںگے۔انہوںنے مذموم فعل کے خلاف پر امن احتجاج کرنے اور شوشل میڈیا پر ردعمل ظاہر کرنے والے کشمیری طلباءکے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کی۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس اپنے شہدا ءکی لازوال قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مقدس مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں شہری آبادی کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہاہے کہ مسلمان اپنے پیارے نبی ﷺ کی شان اقدس میں کسی قسم کی توہین ہرگز برداشت نہیں کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہی ہے ۔ انہوںنے ملزم ہندو طالب علم کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
فریدہ بہن جی نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی گرفتاریوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔