بھارت:حصول اراضی کا نیا بل کسانوں کے مفاد میں نہیں
چنڈی گڑھ 26 اگست (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست ہریانہ کی قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھوپندر سنگھ ہڈا نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مون سون سیشن میںپیش کیا گیا اراضی کے حصول کا بل کسانوں کے مفاد میں نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس بل کا مقصد رضامندی کے بغیر کسانوں کی زمین کو سرمایہ داروں کے حوالے کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس بل کے ذریعے کانگریس کے دور حکومت میں بنائے گئے قانون کی روسے کسانوں کے مفاد کی تمام شقوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ بھوپندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے اب 70 فیصد کسانوں کی رضامندی ، سیکشن 4، سیکشن 6 کے نوٹس کرنے اور زمین کے بدلے معاوضے کے ساتھ رہائشی پلاٹ دینے جیسے تمام قوانین کو ختم کر دیا ہے۔ اب کوئی بھی کلکٹر کسانوں کی رضامندی کے بغیر راتوں رات ان کی زمینیں حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بل کے حوالے سے گورنر سے ملاقات کریں گے۔