نگراں وزیر اطلاعات کاکشمیری حریت رہنما نذیر احمدشال کے انتقال پر اظہار تعزیت
اسلام آباد: پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ممتاز کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال کی افسوسناک خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پروفیسر نذیر احمد شال ایک بہادر، نڈر اور مخلص رہنما تھے اوران کے انتقال سے کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیاہے۔ نذیر شال کی خدمات کو سراہتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی ایک توانا آواز تھے جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے پروفیسر شال کی سیاسی اور سفارتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دریں اثناء حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی نائب قیمہ ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے بھی معروف کشمیری حریت رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کی اہلیہ شمیم شال کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بحیثیت ایک معروف کشمیر ی رہنما پروفیسر نذیر احمد شال کا کردار ہمیشہ یا د رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے انتقال سے جو خلاء پید ا ہواہے اس کو الفا ظ سے پر نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے اہل خانہ اورلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ مشکل کے ان لمحات میں ہماری ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔ نذیر احمدشال جمعہ کی شب لندن میں انتقال کرگئے تھے۔