اسلام آباد : سیمینار کے مقررین کا کشمیری خواتین کے عزم وہمت کو خراج تحسین
اسلام آباد:
اسلام آ باد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں کشمیری خواتین کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے انکی جدوجہد اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کا انعقاد” یوتھ فورم فار کشمیر “(وائی ایف کے) نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کیا تھا۔
سیمینار کا عنوان ”خواتین کا عالمی دن ، کشمیری خواتین کے عزم کو خراج تحسین“ تھااور اس سے ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو، مسرت رفیق، ثنا مرزا، رابعہ فجر پاشا، عبدالحمید لون، ڈاکٹر نور فاطمہ اور زمان باجوہ نے خطاب کیا۔ انہوںنے کل بروز جمعہ منائے جانے والے عالمی یوم خواتین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کے آغاز میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں کشمیری خواتین کی جدوجہد اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شازیہ صوبیہ اسلم سومرو نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے کشمیری خواتین کے اہم کردار پر زور دیا۔
سینئر اینکر پرسن ثنا مرزا نے فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر کی خواتین کے مصائب و مشکلات پر بات کی اور کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کیلئے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوںنے کنن پوشپور ہ اجتماعی آبرویزی واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ المناک واقعہ نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہے۔
سیمینار میںمیجر جنرل راز علی خان اور محمد آصف اسلم بھی شریک تھے ۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزا دجموںوکشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میںکشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی چانکیا پالیسی بالکل ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میںناکام ہو چکا ہے اور کشمیری اپنی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔