کشمیری بھارتی مظالم کے باجود آزادی کے عظیم مقصدکے حصول کیلئے پرعزم ہیں، شبیر شاہ
سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ جذبہ آزادی سے سرشار کشمیری جس عزم وہمت اور بہادری سے بھارتی جبر واستبداد کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ انتہائی قابل فخر اور لائق تحسین ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نئی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ کئی برس سے غیر قانونی طور پر نظر بند شبیر احمد شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کا ایک طویل عرصے سے پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیںلیکن انکے حوصلے بلند اور جذبہ آزادی مضبوط و توانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی چیرہ دستیاں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکیںاور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے اپنے عظیم مقصد کو حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوںنے کہا کہ کشمیری بھارتی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کے باوجود جس جرا¾ت ، بہادری ، اخوت و اخلاص اور بھائی چارے کا مظاہرے کر رہے ہیں وہ انتہائی بے مثال اورقابل فخر ہے۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ آزادی کے پرخار سفر میں مصائب و مشکلات کا خندہ پیشانی کا سامنا کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔
شبیر احمد شاہ نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فورسز نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی نہتے کشمیریوں پر مظالم اور نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کا مذموم سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑ پر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں، رمضان المبارک میں ایک دوسرے کی ضررتوں کا خیال رکھیں اور معاشرے کے غریب اور بے سہارا طبقے کی بھر پور مدد کریں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بے سہارا اور بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے بیت المال کی کمیٹیوں کو مزید فعال اور متحرک کریں۔