سعودی عرب نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے پاکستان کی حمایت کی ہے ، ڈاکٹر غلام نبی فائی
جدہ : واشنگٹن میں قائم ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہاہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اوراس دیرینہ تنازعہ کے پر امن حل کیلئے ہر فورم پر پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید کی رہائش گاہ پرایک تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے خطاب میں کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کا بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زوردیا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار کر رہا ہے جن میں کشمیریوں کو انکے حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی تھی ۔ غلام نبی فائی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری ہے اور بھارت میں مسلمانوں کومظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اورمساجد کو منہدم کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں مودی حکومت خطے میں ایک دہشت گرد ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل مشرق وسطی کا امن تباہ کررہا ہے ۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آواز بلند کرنے پر اوآئی سی کا شکریہ ادا کیا ۔قونصل جنرل خالد مجیدنے اپنے خطاب میں ڈاکٹر فائی کو جدہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کیلئے طویل جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے سعودی تاجر سالم القحطانی نے بھی اپنے خطاب میں مظلوم کشمیریوں کی بھرپورحمائت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے مضبوط لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔تقریب سے کشمیری حریت رہنما محمد فارو ق رحمانی، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد پوری اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔