مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب بھارتی فوجی آزادانہ گھوم رہے ہیں،امجد یوسف
جنیوا 08 مارچ (کے ایم ایس) کشمیری نمائندے امجد یوسف نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
امجد یوسف نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 52ویں اجلاس سے اپنے خطاب میں افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد آزادانہ گھو م رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ”ہم عزت مآب ہائی کمشنر کی طرف سے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر دیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مجھے اس ایوان کے سامنے یہ اعتراف کرنے کا اعزاز حاصل ہے کہ مشکلات کے باوجود ہائی کمشنر نے سال 2018 اور 2019 میں اس کونسل کے سامنے دو رپورٹیں پیش کیں اور اس ایوان سے کہا کہ وہ جموں وکشمیرکے لوگوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دے۔
جناب صدر!
اس ایوان کے سامنے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے اس غیر مبہم بیان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے جنہوں نے اپنے حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دہائیوں سےبھارتی ریاستی جبر کا شکارہیں۔