بانڈی پورہ کا ہسپتال بجلی سے محروم،لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کوئل مقام میں قائم نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر 2019سے بجلی سے محروم ہے جس کی وجہ سے اہم طبی مشینری ناکارہ ہوچکی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ باربار درخواستیں دینے کے باوجود حکام اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہے ۔انہوں نے کہاک ہسپتال میں جو آس پاس کے متعدد دیہاتوں کو طبی سہولت فراہم کرتا ہے، ایکسرے اور ای سی جی مشینیں ہیںلیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے وہ بے کار ہیں۔انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگ معمولی بیماریوں کے لیے ضلع اسپتال میں علاج کرانے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے انہیںشدید مشکلات کا سامنا ہے۔یہ صورتحال صرف کوئل مقام میں نہیں ہے بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں تقریبا تمام ہسپتالوں اورطبی مراکز کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے جس سے مقبوضہ علاقے میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کے فقدان کی عکاسی ہوتی ہے ۔گائوں کے سربراہ عبدالواحد شاہ نے لوگوں کی ضروریات کے حوالے سے محکمے کی بے حسی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ کاغذی کارروائی مکمل ہونے اور اعلی حکام کوسفاشات بھیجے جانے کے باوجود علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر نصب نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگوں نے احتجاج کیا، حکام سے اپیلیں کیں لیکن ان کی درخواستوں پر کان نہیں دھراگیا۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں بجلی نہ ہونے سے اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔