برمنگھم : نو منتخب رکن پارلیمنٹ کا محکوم کشمیر یوں کیلئے آواز اٹھانے کا عزم
برمنگھم: برطانیہ کے ایک نو منتخب قانون ساز نے عہد کیا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بطور آزاد امیدوار کامیابی حاصل کرنے والے ایوب خان نے کہا کہ کشمیر کے لیے ان کی حمایت میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی کیونکہ وہ پارلیمنٹ میں کسی جماعت کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں۔
انہوںنے ”یوم شہدائے کشمیر “ کے موقع پر برمنگھم میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہہ ہمیں دنیا کے انصاف پسند لوگوں تک محکوم کشمیریوں کی آواز پہنچانی ہے اور یہ انتہائی اہم ہے۔ ایوب خان نے کہا کہ برطانیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے ایک موثر کردار ادا کرے ۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے اس موقع پر کشمیر کاز کی حمایت کا اعادہ کرنے پر ایوب خان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر نذیر احمد قریشی، مولانا طارق مسعود، فاروق القادری، خواجہ سلیمان، مولانا امداد الحسن نعمانی، مفتی عبدالمجید ندیم اور نائب مغل نے بھی خطاب کیا۔