بارہمولہ:میر گنڈ کے رہائشیوں کا مودی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے میر گنڈ میںلوگوں نے مودی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بارہمولہ سرینگر شاہرہ بلاک کی اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے جن میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل تھیں، اپنے علاقے میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کیخلاف شاہراہ پر کئی گھنٹوں کا دھرنا دیا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی ۔ مظاہرین نے کہا کہ انہیں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ انتظامیہ مسئلے کے حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہیں۔
بعد ازاںمظاہرین کو منانے کےلئے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچے ۔ حکام کی طرف سے پانی کا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوئے۔