بھارت نے ابھینندن کو ویر چکرسے نواز کر اپنا مذاق اڑایا
اسلام آباد24نومبر (کے ایم ایس)بھارت نے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمانAbhinandan Varthaman کو پاکستان ایئر فورس کے ساتھ فضائی لڑائی میںغیر معمولی کارکردگی کے لیے ویر چکر سے نواز کر اپنا مذاق اڑایا ہے کیونکہ اس مختصر جھڑپ میں بھارت کو پاک فضائیہ کے ہاتھوں انتہائی ہزیمت اٹھانا پڑی تھی ۔پاکستان نے بھارت کا مگ21مار گرانے کے علاوہ ابھینندن کو قیدی بھی بنالیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کردہ ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے پیر کو ایک بار پھر یہ مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ ابھی نندن کو 27 فروری 2019 کو پاکستانی ایف16 کو مار گرانے کے لیے تیسرا سب سے بڑا بہادری ایوارڈ ویر چکر دیا گیا۔ بھارت نے فروری 2019 میں پاک فضائیہ کے ساتھ فضائی لڑائی کے دوران ہونے والی اپنی شرمندگی کو چھپانے کے لیے یہی دعویٰ کیا تھا۔فارن پالیسی میگزین اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایف سولہ گرانے کا بھارتی دعوی ٰ بالکل غلط ہے جس پر بھارت میں بھی بہت سے لوگ یقین نہیں کرتے کیونکہ فروری 2019 کی جھڑپ کے بعد امریکہ نے پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی اور کوئی بھی لاپتہ نہیں پایا۔ واشنگٹن پوسٹ میں اس وقت کہا گیا تھا کہ F-16 کو مار گرانے کا بھارت کا دعویٰ مودی حکومت کی انتخابی ضرورت تھی کیونکہ اگر وہ یہ تسلیم کر لیتی کہ بھارتی ائر فورس نے درحقیقت پاکستانی ایف سولہ کو مار نہیں گرایا تو بھارتیوں کو مایوسی ہوتی اور وہ یہ سمجھتے کہ صرف بھارت نے ہی ایک جنگی طیارہ ، ایک جنگی ہیلی کاپٹر اور اس میں سوار چھ فوجی کھو دیتے۔مودی حکومت نے پاکستان کی قید میں چائے پینے پر پائلٹ ابھینندن کو بہادری کا ایوارڈ دیا۔
پاکستان میں ٹویٹر صارفین نے ابھینندن کی گرفتاری کی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کیں اوربھارت کو یاد دلانا شروع کیا کہ اس دن اصل میں کیا ہوا تھا۔ابھینندن کو ویر چکر دینے کا مقصد صرف بھارتیوں کو خوش کرنا ہے ۔ کے ایم ایس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس معاملے کی حقیقت صر ف اور صرف یہ تھی کہ 27 فروری 2019 کوپاک فضائیہ نے بھارتی ائر فورس مکمل طور پر شکست دے دی تھی۔