کولکتہ:لیڈی ڈاکٹر کا زیادتی کے بعد قتل، والدین کا بیٹی کے ساتھیوں پرقتل کا الزام
کولکتہ :بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ کے میڈیکل کالج میں عصمت دری کے بعد قتل کی جانے والی ٹرینی ڈاکٹر کے والدین نے اپنی بیٹی کے قتل کا الزام مقتولہ کے ساتھیوں پر لگایاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور ہسپتال میں گزشتہ ہفتے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد خاتون ڈاکٹر کو قتل کردیا گیا تھا۔ مقتولہ کے والدین نے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کو بتایا ہے کہ ہسپتال کے بعض انٹرنز اور ڈاکٹرز انکی بیٹی کے قتل میں ملوث ہیں۔خاتون ڈاکٹر کے والدین نے سی بی آئی کو اپنی بیٹی کے قتل میں ملوث مشتبہ ملزمان کے نام بھی فراہم کیے ہیں۔ سی بی آئی کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایاہے کہ مقتولہ کے والدین نے اپنی بیٹی کے ساتھ کام کرنے والے انٹرنیز اور ڈاکٹرز پر شک کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد 30لوگوں کی فہرست تیار کی گئی ہے، جنہیں تفتیش کیلئے طلب کیا جائے گا۔سی بی آئی نے میڈیکل کالج کے ایک ہائوس اسٹاف اور دو پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کوتفتیش کیلئے طلب کیا ہے ۔ یہ لوگ مقتولہ ڈاکٹر کے ساتھ قتل کی رات ڈیوٹی پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ 31سالہ ٹرینی ڈاکٹر مومیتہ ڈیبناتھ 36گھنٹوں کی ڈیوٹی کے بعد نو اگست کو سیمینار روم میں آرام کرنے کی غرض سے گئی تھی۔ تاہم اگلی صبح اس کی لاش ملی تھی۔ڈاکٹرکو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیاگیاتھا۔