آگرہ کی عدالت نے تین کشمیری طلباءکے عدالتی ریمانڈ میں توسیع کردی
آگرہ بھارت 25نومبر ( کے ایم ایس )بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کی ایک عدالت نے تین کشمیری طلباءکے عدالتی ریمانڈ میں توسیع کر دی ہے جنہیں گزشتہ ماہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے اور پاکستان کی طرف سے بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹیں شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تینوں کشمیری نوجوان ارشد یوسف، عنایت الطاف شیخ اور شوکت احمد گنائی آگرہ کے راجہ بلونت سنگھ انجینئرنگ کالج کے طالب علم ہیں۔میچ کے ایک دن بعد 25 اکتوبر کو آگرہ پولیس نے ان پر تعزیرات ہند اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ ان پر ہندو انتہا پسندوں نے اس وقت حملہ کیا جب انہیں عدالت میں پیش کیا جا رہا تھا جبکہ آگرہ میں وکلا کی مختلف انجمنوں نے انکے مقدمے کی پیروی کرنے سے انکار کر دیا۔الہ آباد ہائی کورٹ نے آگرہ سے متھرا منتقل کرنے کے لیے طلبا کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے اگلی تاریخ 10 دسمبر مقرر کی ہے۔مقدمہ کی منتقلی کی درخواست طلباءکے وکیل مدھوون دت چترویدی نے دائر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے موکلوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش کا اظہار ہے جن پر اس سے قبل عدالت کے احاطے میں حملہ کیا گیا تھا۔