مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے :مشعال ملک
راولپنڈی24اگست (کے ایم ایس )
پیس اینڈ کلچرل آرگنا ئزیشن چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکو مت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیاہے اور نہتے کشمیری عوام 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج کا مقابلہ کر ر ہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے جو کشمیری حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ ہیں پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے تعاون سے منعقدہ تصویری نمائش ”ماہ و سال ”کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں روزانہ درجنوں کی تعداد میں کشمیریوں کو شہید کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کوئی کمی نہیں آرہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر ی عوام اپنے مادر وطن سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور وہ وطن کی محبت میں مسکرا کر موت کو گلے لگا رہے ہیں۔مشعال ملک نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالی کا ایک معجزہ ہے اورقائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے اسلام کے نام پر دنیا کی پہلی اسلامی ریاست قائم کر کے دنیا کے نقشے کو یکسر تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ کستان کی زمینیں کشمیریوں کے لہو سے شاداب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 1947میں ہونے والی غیر منصفانہ تقسیم سے مسئلہ کشمیر نے جنم لیا جو آج تک حل نہیں ہوسکا۔انہوں نے آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ نمائش عوام الناس بالخصوص نئی نسل کو نظریہ پاکستان،تحریک پاکستان،مشاہیر تحریک آزادی کی حیات و خدمات اور پاکستان کی خاطر دی جانیوالی قربانیوں سے آگہی فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو دن رات محنت کرکے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کی صف میں لا کر دم لیں گے۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زاہد جاویدنے اس موقع پر کہاکہ پاکستان کو جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا۔ہماری نوجوان نسل کو تحریک پاکستان سے آگا ہی دینے کے لیے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کوشاں ہے۔تصویری نمائش کے ساتھ ساتھ ویڈیو ڈاکیومنٹری اور کتابوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔نمائش دیکھنے کے لیے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد آرٹس کونسل میں موجود تھی۔