بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیری عوام کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے: ماس موومنٹ
سرینگر 27 نومبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیری عوام کو ہراساں کرنے کے لیے ان کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات شبیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں کشمیریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں لیکن 05 اگست 2019 کے بعد علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ماس موومنٹ کے رہنما نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جاری ظلم و بربریت کے لئے جوابدہ ٹھہرائیں اور جنوبی ایشیا میںپائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔