پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف 27ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ وزیر اعظم 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی کردار کی حمایت اور پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل تنازعہ جموں وکشمیر اور مسئلہ فلسطین سمیت دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔ وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کئی اعلی سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے جن میںسطح سمندر میں اضافے سے لاحق خطرات کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس اور امن کے لیے قیادت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث شامل ہے۔وزیراعظم کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت متعدد عالمی رہنما ئوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button