کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات
27اکتوبر یوم سیاہ کشمیر بھرپور انداز میں منائیں گے، سید مراد علی شاہ
کراچی:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد نےکراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس موقع پرکہاکہ ہمیشہ کشمیریوں کی ہر محاذ پر مدد کرنے پر ہم پیپلز پارٹی کے شکرگزار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری شہید ذوالفقار علی بھٹو ، محترمہ شہید بینظیر بھٹو ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تحریک آزادی کشمیر کے تعین خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے جموں و کشمیر کے بارے میں ایک ال پارٹیز کانفرنس بلانے پر زوردیا تاکہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا جاسکے ۔غلام محمد صفی نے کہاکہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کودنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنا چاہتا ہے تاہم حریت کانفرنس عالمی ایوانوں میں جموں وکشمیر کے تنازعے کو اجاگر کرنا چاہتی ہے ۔حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے آئین میں کشمیر کا خصوصی طورپر ذکر موجودہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل پر اپنی تمام توانائیاں صرف کرے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کا بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی حکومت اور عوام جدوجہد آزادی میں ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا ہم ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیر کے مشن کو جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں اورپاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی وجودِ میں ائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی ہمارے ایمان کا جزو ہے۔ 27اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کو بھرپور انداز میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے او آئی سی میں حریت کانفرنس کو بطور مبصر گروپ شامل کروایاتھا۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیری عوام کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور پاکستان کا مسئلہ ہے۔حریت کانفرنس کے وفد میں پرویز احمد شاہ،سید اعجاز رحمانی، عبدالماجد شیخ اورعبدالحمید لون شامل تھے۔
ادھرکراچی میں مقیم کشمیری مہاجرین کے نمائندگان نے حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد سے ملاقات کی ۔ مہاجرین نمائندوں نے 27اکتوبر کو یوم سیاہ کی ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی یقین دہانی کی۔مہاجرین کے نمائندہ وفد میں مفتی عرفان اقبال، علی محمد، غلام احمد لون، شبیر احمد، فیاض احمد ملک، فخر عباس اور غلام محی الدین شامل تھے ۔