پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوںکے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیر اعظم
مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جس نے آج مظفر آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں کنوینر محمود احمد ساغر، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی،الطاف احمد بٹ، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی اورزاہد اشرف شامل تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میںاپنے کشمیری بھائیوںکے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے ہرگز دستبردار نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر طریقے سے پیش کرنے کے لئے وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی مشنز الاقوامی تھنک ٹینکس اور میڈیا اداروں سے اپنے روابط میں تیزی لائیں گے۔انہوںنے کہا کہ تارکین وطن کشمیریوں کی آواز کشمیر کاز کے لئے انتہائی کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔حریت رہنماو¿ں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوںنے بھر پور اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر چودھری انوارلحق، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین،، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ بھی موجود تھے۔