27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ڈی ایف پی
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے 27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا ہے ۔ بھارت نے 27اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر حملہ کرکے اس پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی حملے کو ایک ”ننگی جارحیت“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے خلاف گزشتہ 77برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ان پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے مگر اسکے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی جدوجہد اور عظیم مقصد کے لیے ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔