آزاد کشمیرخصوصی دن

کنٹرول لائن کے دونوں اطراف ،پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا

مظفرآباد27 اکتوبر (کے ایم ایس)
لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا۔
اس سلسلہ میں آزادکشمیر بھر میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوسوں منعقد کئے گئے ۔بھارت کی جانب سے 27 اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتارنے اور مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضے کے خلاف آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم آزادکشمیرسردارتنویر الیاس خان، مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، حریت رہنما سید یوسف نسیم، وزیر چوہدری اکبر ابراہیم، پروفیسر تقدیس گیلانی کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔احتجاجی جلسے سے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان،صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر،موسٹ سینئر وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، حریت رہنما سید یوسف نسیم نے خطاب کیا۔ خواجہ فاروق احمدنے کہا کہ 27اکتوبر ہماری تاریخ کا بدترین دن ہے، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، سوچنا ہو گاکہ اب اگلا قدم کیا اٹھاناہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد اور منظم ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی،انہوں کے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات ختم کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دینا ہو گا اور انہیں یقین دلانا ہو گا کہ ہم ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ 27 اکتوبر کو بھارت نے جموں کشمیر کے اندر قاتل فوج داخل کی اور یو این او اور عالمی اداروں کی قراردادوں کو ہوا میں اڑا دیا۔ درندہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے موجود حکومت آزاد کشمیراپنے بقیہ چا ر سالہ عرصہ کیلئے تحریک آزادی بارے پلان ترتیب دے۔قوموں کی تاریخ میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں تحریک آزادی کو نہ کوئی بیچ سکتا ہے اور نہ کوئی خرید سکتا ہے، کشمیریوں کو جب تک ان کا بنیادی خودارادیت مل نہیں جاتا کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید یوسف نسیم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،اس تحریک میں اب تک چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے،تحریک آزادی کشمیر شہدا کے پاک خون سے زندہ ہے، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ اور آزاد کشمیر کا وزیراعظم پوری ریاست جموں و کشمیر کا وزیراعظم ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان میں حالات خراب کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے تاکہ پاکستان میں انتشار پیدا ہو اور وہ کشمیریوں کی مدد کرنا چھوڑ دے، اسلام اور پاکستان کے دشمن ہر گز نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو ،ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی بقا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button