بھارتی فوجی نہتے کشمیریوںکو ظلم وتشدد کے ذریعے عمر بھر کیلئے معذور کر رہے ہیں،ماس موومنٹ
سرینگر03 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ماس موومنٹ نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں خصوصی افراد کا عالمی دن منایا جارہا ہے جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں درندہ صفت بھارتی فوجی کشمیری نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کرکے ٹارچر سیلوں میں وحشیانہ ظلم وتشدد کے ذریعے عمر بھر کیلئے جسمانی طورپر معذور کررہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں دنیا بھر میں آج خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر لوگوں کو جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے اقدامات پر زوردیا جارہا ہے تاہم مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط کی وجہ سے مسلسل خوف و دہشت ، عدم تحفظ ، ظلم و تشدد، سوگ اوراذیت کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برس سے بھارتی فوجیوں نے سینکڑوں کی تعداد میں معصوم بچوں، نوجوانوں اوربزرگوں کو مہلک پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے بینائی سے محروم کر دیا ہے اور مقبوضہ علاے میں نہتے کشمیریوں پر طاقت کو وحشیانہ استعمال مسلسل جاری ہے ۔ شبیر احمد نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں پر بھارتی ظلم و تشدد کے بارے میں ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں کی رپورٹس میں چشم کشا انکشافات کئے گئے اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے حکمران اپنی فورسز کو کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی ترغیب دے رہے ہوں،وہاں انسانی حقوق کے تحفظ اورپاسداری کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ آج خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پرمقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم وتشددرکوانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔