بھارتی ”این آئی اے “نے مقبوضہ کشمیر کے رہائشی کے خلاف ضمنی فرد جرم دائر کر دی
لکھنو¿، 25 نومبر (کے ایم ایس)بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آائی اے “نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ایک رہائشی کے خلاف ضمنی فرد جرم دائر کر دی ہے۔
این آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ کے رہائشی دانش نصیر کے خلاف آج (جمعہ) کو ضمنی فردجرم داخل کی۔ دانش نصیر پر بھارتی ریاست اتر پردیش اور دیگر بھارتی علاقوں میں مختلف مقامات پر عسکریت پسندوں کے حملے کرنے کی سازش رچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ کیس ابتدائی طور پر 12 ستمبر 2018 کو لکھنو¿ کے ایک تھانے میں درج کیا گیا تھا اور 24 ستمبر 2018 کو این آئی اے نے دانش کے خلاف تعزیرات ہند اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے“ کی مختلف دفعات کے تحت دوبارہ درج کیا تھا۔
یاد رہے کہ بھارتی پولیس بھارت میں بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرنے اور انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے حوالے سے بدنام ہے۔