جموں وکشمیر کی زمینوں ، روز گار اور وسائل پر پہلا حق کشمیریوں کا ہے، عمر عبداللہ
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر ہمیں اپنی سرزمین پر عزت کے ساتھ جینے کا حق نہیں ہے تو ہمیں دستیاب بنیادی سہولیات پانی ، بجلی وغیرہ کا کوئی معنی و مطلب نہیں ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب میںکہا کہ انکی حکومت کی پہلی ترجیح لوگوں کے وقار کو بحال کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اپنی زمینوں ، اپنے روزگار اور اپنے وسائل پر پہلا حق ہمار ا ہونا چاہیے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں سے ہمارے یہاں کوئی جمہوری نظام نہیں تھا، ایک خلا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ لوگ جمہوری حکومتوں کی قدر کرتے ہیں کیونکہ وہ حکومت اور عوام کے درمیان پل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اپنی ریاست کا درجہ حاصل کر لیں گے۔ انہوںنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے کہا ہے کہ پریس ،عدلیہ ، بار ایسوسی ایشنز ، مزدور یونینئز اور دیگر تنظیموں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں امن اور باہمی احترام کا ماحول پیدا کرنا ہوگا۔