بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی
سرینگر 04 نومبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے اضافہ اہلکاروں کی تعیناتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کشمیر کے تئیں بھارت کی جابرانہ پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی اور تشدد کی بڑی وجہ بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد میں تعیناتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اضافہ دستوں کی تعیناتی سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید خراب ہوگی ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جاری جدوجہد کو کچلنے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہ علاقے میں اختلاف رائے کی آوازوںکو کالے قوانین کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو سلاخوںکے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوںنے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ سمیت غیرقانونی طور پر نظر بند تما م کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔