بھارت :مسلمان ہونے کے شبے میں 65سالہ شخص پر تشدد ، لاش برآمد
بھوپال 21مئی (کے ایم ایس) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ضلع نیمچ کے علاقے مانسا میں ایک 65سالہ شخص کو مسلمان ہونے کے شبے میں تشدد کا نشانہ بنا یا گیا جس کے بعد اس کی لاش برآمد ہوئی ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پولیس نے اس کی لاش برآمد کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیںجس سے اس کی شناخت ہو گئی اور وہ ایک غیر مسلم اورذہنی طورپر معذورشخص نکلا۔مانسا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے ایل ڈنگی نے کہاہمیں جمعرات کو متاثرہ شخص کی لاش ملی۔ سوشل میڈیا پر اس کی تصویریں جاری ہونے کے بعد رتلام سے اس کے اہلخانہ نے اس کی شناخت بھنور لال جین کے طور پر کی ہے۔اہلخانہ کے مطابق بھنور لال جین ذہنی طورپر معذور تھا اور اس کو یادداشت سے متعلق مسائل تھے۔جمعہ کو اس کی لاش لواحقین کے حوالے کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو بھنور لال جین کو مسلمان ہونے کے شبے میں پیٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ملزم متاثرہ سے آدھار کارڈ کا مطالبہ کرتا ہے۔ویڈیو میں سرخ قمیض میں ملبوس ایک شخص عمر رسیدہ بھنور لال کو مسلسل تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور وہ اس سے پوچھ رہا ہے کہ کیا تمہارا نام محمد ہے؟ مجھے اپنا آدھار کارڈ دکھائو۔