آر ایس ایس آئین پر خفیہ طریقے سے حملہ آور ہے، راہول گاندھی
ناگپور: بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) آئین پر خفیہ طریقے سے حملہ آور ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ آر ایس ایس میں آئین پر براہ راست حملہ کرنے کی ہمت نہیں ہے لہذا وہ اس پر خفیہ حملے کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل آئین پر حملہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین کی وجہ سے ہے کہ ملک کو الیکشن کمیشن ، بیوروکریسی، پرائمری اور ہائیر ایجوکیشن، سرکاری ہسپتال وغیرہ ملے ہیں۔ آئین میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا ہے۔تاہم اب مٹھی بھر لوگوں کی طرف سے 90 فیصد آبادی کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے اور ہماری لڑائی اس ناانصافی کے خلاف ہے، جس کے لیے سب کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ذات پات کی مردم شماری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری کے ہمارے مطالبے کی وجہ سے وزیراعظم نریندر مودی کی نیندیں ا±ڑ گئی ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ میں جب بھی میں اس معاملے کو اٹھاتا ہوں نریندر مودی مجھ پر ملک کو تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے بی جے پی حکومت پر تنقید کی کہ وہ غریب کسانوں کو سزا دے رہی ہے جب کہ بڑے صنعت کار ہزاروں کروڑوں روپے لوٹ کر ملک سے فرار ہو جاتے ہیں۔