بی جے پی اورآر ایس ایس کے ہندوتوا نظریہ نے بھارت کو نقصان پہنچایاہے :راہل گاندھی
کنیا کماری09 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس کے رہنماء راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندو توا نظریہ نے بھارت کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔
راہل گاندھی نے جو اپنی زندگی کی سب سے بڑی سیاسی سرگرمی (بھارت جوڑو یاترا)کا آغاز کیاہے۔یاترا کے تیسرے دن انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندو توا نظریہ نے بھارت کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اسی کے خلاف یہ یاترا نکال رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دونوں ہندوتوا تنظیموں کے انتہاپسند نظریہ نے بھارت میں تقسیم پیدا کی ہے اورنفرت پھیلائی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ آج بھارت کے عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ انہیں مذہب، ریاست اور زبان کی بنیاد پر بانٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان لوگوں کے درمیان مکالمے کا نام ہے اور یہ مکالمہ انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بی جے پی نے ملک کے تمام اداروں پر قبضہ کررکھا ہے اور مہنگائی اور بے روزگاری دو سب سے بڑے مسئلے ہیں۔