کشمیری بچے اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں: غلام محمد صفی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کہاہے کہ کشمیری بچے اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یہ دن کشمیری بچوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کررہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔حریت رہنما نے کہاکہ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طورپر بھی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد بچوں کے والدین کو جعلی مقابلوں اور جیلوں میں بے دردی سے شہید کیا ہے۔ کشمیری بچوں پر تشدد، ظلم اور بربریت بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جسے بھارتی فورسز کے اہلکار انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج تک ہزاروں کشمیری بچوں کو یتیم،سینکڑوںکو پیلٹ گنوں کی فائرنگ سے زندگی بھر کیلئے معذور اور نابینا بنا دیا گیا جبکہ ہزاروں بچوں کے والدین کو گرفتاری کے بعد غائب کرکے انہیں بے سہاراکردیاگیا ہے۔