فاروق رحمانی کی طرف سے شیخ تجمل الاسلام کو شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد 05اگست (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما محمد فاروق رحمانی نے معروف کشمیری دانشور اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ تجمل الاسلام کو ان کی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کے ایم ایس کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے شیخ تجمل الاسلام نے طویل عرصے تک کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو دستاویزی شکل دے کرخود کو کشمیر کاز کا ایک اہم وکیل ثابت کیا۔ انہوں نے مختلف میگزین اور جرائد شائع کیے اور تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مضامین تحریر کئے اور مختلف بین الاقوامی سیمینارز میں شرکت کر کے کشمیر یوں کی حق پر مبنی جاری تحریک آزادی کو اجاگر کیا۔محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ مرحوم کو کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ان کی گرانقدر خدمات پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔