اسلام آباد28فروری(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی امدادی ٹیموں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام کی طرف سے ترکیہ اور شام میں امدادی کارروائیوں میں تعاون کا اعلان کیاتھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ کشمیری ترکیہ اور شام کے عوام کے مقروض ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھا ہے اور بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت میں ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔ اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ہم دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں ان کی مدد کریں۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ہمارے عظیم رہنما اور اساتذہ شہید سید علی گیلانی اور شہید اشرف صحرائی نے ہمیشہ انسانیت اور ہمدردی کا درس دیا ہے۔ بیان میں کہاگیا اگرچہ بھارت ہماری آوازوں کو دبانے کی کوشش کررہا ہے، ہمارے لوگوں کو شہید کیاجارہا ہے اور جیلوں میں ڈالا جارہاہے اورفسطائی بھارتی حکومت ہماری زمینوں اور گھروں کو تباہ کر رہی ہے۔ لیکن ہم انسانی ہمدردی کے فرائض پر کاربند ہیں اور کوئی بھی چیز ہمیں اس سے روک نہیں سکتی۔