حریت رہنمائوں کامقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافے پر اظہار تشویش
اسلام آباد10 اپریل(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے رہنمائوں سید اعجاز رحمانی، محمد سلطان بٹ، شیخ محمد یعقوب، شمیم شال، مشتاق احمد بٹ، سید منظور شاہ اور قاضی عمران نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حریت رہنمائوں نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کشمیرکے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے واضح پیغام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان کشمیریوں کے لیے حوصلے اور قوت کا باعث ہے جن کوحق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کے دوران بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامناہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا حقیقی سفیر اور محسن ہے اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کی موثر اور کامیابی سے وکالت کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیرکے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔حریت رہنماں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔