مقبوضہ جموں و کشمیر
جموں خطے میں ایک درجن سے زائدمسلمانوں کے خلاف مقدمات درج
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے جموں خطے میں وادی کشمیر اور دیگر بیرونی مسلمانوں کو کمرے اور جائیدادیں فراہم کرنے پر ایک درجن سے زائد مسلمانوں اور مقامی مکان مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع سانبہ کے گھگوال اور بڑی برہمنہ پولیس سٹیشنوں میں 9 مکان مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی جنہوں نے پولیس کو اپنے کرایہ داروں کی جن میں زیادہ تر وادی کشمیر سے تعلق رکھتے تھے، تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔ پولیس نے بتایاکہ مقامی مسلمان مکان مالکان کے خلاف مزید پانچ مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں فرمان علی، عاصمہ لطیف، محمد شکیل، ذاکر حسین اور اعظم ملک شامل ہیں جو ضلع جموں میں روہنگیا پناہ گزینوں کو پناہ دینے اور جائیدادیں فراہم کرنے میں ملوث تھے۔