بی جے پی طاقت کا استعمال کرکے بھارت میں ہندو مسلم فساد پیدا کر رہی ہے: راہول گاندھی
نئی دہلی: بھارت میںکانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی اپنے سیاسی فائدے کی خاطر ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان فساد پیدا کرنے کے لیے طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ریاست اترپردیش کے علاقے سنبھل میں حالیہ شاہی مسجد کے معاملے پر بی جے پی کی حکومت کا متعصبانہ اور جلد بازی کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔راہول گاندھی نے جو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں ، کہا کہ بی جے پی کا ہندو ئوں اورمسلمانوں کے درمیان دراڑ اور تفریق پیدا کرنے کے لیے طاقت کا استعمال نہ تو ریاست اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بھارتی سپریم کورٹ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں جلد از جلد مداخلت کرکے انصاف کرے۔انہوں نے پولیس کی فائرنگ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے تمام فریقوں کو سنے بغیر کارروائی کی جس سے ماحول خراب ہوا اوراس کے لئے بی جے پی حکومت براہ راست ذمہ دار ہے۔کانگریس کے سابق سربراہ نے امن اور باہمی ہم آہنگی برقراررکھنے کی بھی اپیل کی۔ اتوار کو یوپی کے علاقے سنبھل میں مغل دور کی مسجد کی نام نہاد سروے کے عدالتی حکم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں پر پولیس کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ ایک اورشخص نے پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چارہوگئی ہے۔