بھارت میں سفاک شخص نے 18ماہ کی بیٹی کو زہر دیکر کر مار ڈالا
امراوتی: بھارت میں سفاک شخص نے 18ماہ کی بیٹی کو زہر دیکر کر مار ڈالاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے پیٹسانے گنڈلا گائوں سے تعلق رکھنے والے مہیش نے اپنی18 ماہ کی بیٹی اکشیا کو کالی رنگت کی وجہ سے پرساد میں زہر ملاکر کھلادیا، بعد ازاں مہیش نے اپنی اہلیہ کو بچی کی موت کے حوالے سے بھی جھوٹ بولنے پر مجبور کیا۔ بھارتی پوbلیس کے مطابق شراوانی نامی خاتون نے کالی رنگت والی بیٹی کو جنم دینے پر شوہر اور سسرال والوں کی طرف سے تشدد اور بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کروایا ہے۔ایف آئی آر میں شراوانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے سسرالی اسے بچی کے پاس نہیں جانے دیتے تھے، 31 مارچ کو خاتون نے اپنی بچی کو بے ہوش پایا جس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا جس کے بعد اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے بچی کو مردہ قرار دیا۔رپورٹ کے مطابق مہیش نے شراوانی کو مجبور کیا کہ وہ اکشیا کی موت کی وجہ سے متعلق رشتہ داروں سے کہے کہ بچی کی موت دورہ پڑنے سے ہوئی جس کے بعد بچی کی لاش کو جلد ازجلد جلادیاگیا ۔تاہم شراوانی کی ماں نے مقامی پولیس میں قتل کی شکایت درج کرائی ہے۔ ایف آئی آر میں شراوانی نے پولیس کو بتایا کہ مہیش اس سے قبل بھی اکشیا کو دیوار پر پھینک کر ، کمرے میں بند رکھ کر اور پانی کے ٹب میں ڈبو کر قتل کرنے کی کوشش کرچکاہے۔پولیس نے بیٹی کے قاتل باپ کیخلاف مقدمہ درج کرلیاہے ۔