ہم اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کریں گے: فاروق عبداللہ
سرینگر 08 دسمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کے لئے پرعزم ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کریں گے کیونکہ ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے۔این سی صدر نے کسانوں کی سخت مزاحمت کے دوران750 جانوں کی قربانیوں کے بعد بھارت میں تین زرعی قوانین کی منسوخی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت پانچ ریاستوں میں انتخابی شکست کے خوف سے یہ قوانین واپس لینے پر مجبور ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی طرف سے منظوری سے قبل بحث و مباحثے کے مطالبے کے باوجود زرعی قوانین کو ہنگامی حالات میںپاس کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اکثریت ہونے کا ایسا گھمنڈ تھا کہ زرعی قوانین کی بلزکو سلیکٹ کمیٹی کو بھیجنے کی کوئی درخواست نہیں سنی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر بھارتی حکومت کو کسانوں کے مضبوط قوت ارادی کے سامنے جھکنا پڑا۔ فاروق عبداللہ نے مودی حکومت کے اگست 2019 کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو کشمیریوں کے حقوق چھیننے کے مترادف قرار دیا۔