سرینگر: مودی حکومت کی کشمیر کے خلاف سازش کے حوالے سے پوسٹر چسپاں
سرینگر 11 دسمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیںجن میں عالمی برادری کی توجہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی کشمیر مخالف سازش کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سٹوڈنٹس یوتھ فورم اور کشمیر ریزسٹنس موومنٹ کی طرف سے چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نام نہاد حد بندی کمیشن کو قبل از انتخابات دھاندلی کے لیے استعمال کر رہی ہے تاکہ ہندو انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کو مقوضہ علاقے میں اقتدار میں لایا جاسکے۔پوسٹرز میں کہا گیا کہ مودی حکومت کی ہندوتوا پالیسی کشمیریوں کے لیے خطرناک ہے جس کے ذریعے وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانا اور ان کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو کچلنا چاہتی ہے۔ پوسٹروں میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ علاقے میں بی جے پی ،آر ایس ایس کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید فروغ دیں۔