محکمہ بجلی کے ملازمین کا کولگام میں قابض انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںمحکمہ بجلی کے ملازمین نے ضلع کولگام میں ایک ٹرانسفارمرپھٹنے سے حفاظتی آلات میسر نہ ہونے کے باعث اپنے دو ساتھیوں کی المناک موت پر قابض انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی ملازمین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا رہے ۔ مظاہرین فیلڈ ورکرز کے لیے حفاظتی کٹس، حفاظتی پوشاک اور ضروری آلات کی فوری فراہمی کا مطالبہ کررہے تھے جو بجلی کے ٹرانسفارمرز اور ہائی وولٹیج لائنوں کی مرمت کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ایک احتجاج کرنے والے لائن مین نے کہا کہ یہ اموات کوئی حادثہ نہیں بلکہ انتظامی غفلت کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر مناسب دستانے، ہیلمٹ یا ضروری آلات کے بغیر کام کرنے پر مجبورہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس سانحے سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ محکمہ بجلی کو خاص طور پر دیہی اور زیادہ خطرات والے علاقوں میں ملازمین کی حفاظت کی کوئی فکرنہیںہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو وہ اپنااحتجاج جاری رکھیں گے۔ کولگام کی محکمہ بجلی کی اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر مسز عرفانہ نے کہا کہ اس واقعے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ حفاظتی کٹس کوئی عیش و آرام کی چیز نہیں بلکہ یہ فیلڈ میں کام کرنے والے ہر کارکن کی ضرورت ہیں۔





