پاکستان نے بھارتی طیارے تباہ کر کے سفارتی میدان میں برتری حاصل کی ،ماہر عالمی امور ایلدار ممدوف
واشنگٹن:
معروف فارن پالیسی ایکسپرٹ ایلدار میمدوف نے پاک-امریکا تعلقات کے حوالے سے کہاہے کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے مار گرائے اور سفارتی میدان میں برتری حاصل کرتے ہوئے امریکا میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی اور صدر ٹرمپ کی قربت حاصل کر لی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایلدار میمدوف نے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کانگریس میں خطاب کے دوران انسداد دہشت گردی پر پاکستان کی تعریف کی اور واشنگٹن میں پاکستان کے نئے حامی کے طورپر ابھر کے سامنے آئے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ بھارت نے رواں سال مئی میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر جارحیت کی ، مگر پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے۔ چار روزہ جنگ کے دوران صدر ٹرمپ کی مداخلت سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم ہوئی ۔ایلدار میمدوف نے کہا کہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کو سراہا اور نوبل انعام کے لیے انہیں نامزد بھی کیا جبکہ بھارت نے صدر ٹرمپ کے کردار کی تردید کی مگر پاکستان نے سفارتی میدان میں سبقت حاصل کرلی۔پاکستان کے کردار پر انہوں نے مزید لکھا کہ مودی نے واشنگٹن کے دورے سے گریز کیا جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مدعو کیا۔ماہر عالمی امور نے کہا کہ سید عاصم منیر کے مستقل مزاج اور متوازن رویے نے صدرٹرمپ کو متاثر کیااوران دونوں کے درمیان تعلقات برو مینس کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔انہوں نے لکھا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ بڑے معاشی معاہدے کیے جبکہ بھارت پر اضافی ٹیرف لگا کر صدرٹرمپ نے نئی دلی کو بیجنگ اور ماسکو کی طرف دھکیل دیا ہے اور مودی 7 سال بعد پہلی بار بیجنگ کے دورے پر جانے پر مجبور ہوئے ہیں۔








