بھارت
مغربی بنگال کے رہائشی 2مسلمان اندھرا پردیش، تامل ناڈو میں قتل

امراوتی: بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے دو مسلمان ریاست آندھراپردیش اور تامل ناڈومیں مردہ پائے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 32 سالہ منجور عالم لشکر کو ہندوتوا غنڈوں نے آندھرا پردیش کے ضلع پرکاسم کے ایک گاں کومارولو میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ 29 سالہ عالمگیر مونڈل کی لاش جمعرات کو ریاست تامل ناڈو کے دارلحکومت چنئی میں ریلوے پٹریوں کے قریب سے برآمد ہوئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ عالمگیر عالم اپنی بیوی اور دو بچوں کو چھوڑ کر تقریبا ایک ماہ قبل محنت مزدوری کیلئے چنئی آیاتھا۔ اہل خانہ کو شبہ ہے کہ اسے قتل کیا گیا اور بعد میں اس کی لاش کو ٹریک کے پاس پھینک دیا گیا۔یاد رہے کہ اس مہینے کے شروع میں ریاست اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ایک 35 سالہ مسلمان شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا تھا۔






