ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کابرہان مظفر وانی اور تمام شہدا ئے کشمیر کو خراجِ عقیدت
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یوم شہادت پر انہیں اور تحریکِ آزادی جموں و کشمیر کے تمام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی ایک ایسے نوجوان رہنما تھے جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک بار پھر نمایاں کیا اور کشمیری نوجوانوں میں اپنے بنیادی سیاسی اور انسانی حقوق کے حوالے سے شعور اور عزم کو مضبوط کیا۔ارشد اقبال نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہزاروں کشمیری مرد، خواتین، نوجوان اور بچے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ ان شہدا کی قربانیاں اس حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ تنازعہ کشمیراب بھی ایک حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کا پائیدار اور منصفانہ حل کشمیری عوام کی خواہشات اور بین الاقوامی وعدوں، بالخصوص اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ شہدا کشمیر کی یاد صرف ایک جذباتی وابستگی نہیں بلکہ انصاف، انسانی وقار اور حقِ خود ارادیت کے لیے مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اپنے قائد کے نظریے کے مطابق پرامن، جمہوری اور سیاسی ذرائع سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کریں اور مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے شہدا کشمیر کے کی بلندی درجات ، اسیرانِ حریت کی رہائی اور جموں و کشمیر میں ایک باعزت، منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے دعا کی۔







