کشمیری عوام کاپاکستان کے تنازعہ کشمیر سے متعلق اصولی موقف کا خیر مقدم

اسلام آباد:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف کے اعادہ کا خیرمقدم کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور میر واعظ عمر فاروق کے خصوصی نمائندے سید فیض نقشبندی نے راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دوٹوک موقف کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام فیلڈ مارشل کے اس واضح موقف کو سراہتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دینے سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجودایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اس کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جانا ہے۔مقبوضہ علاقے میں لاکھوں قابض بھارتی فوجیوں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے،سید فیض نقشبندی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیردنیا کاواحد علاقہ جہاں بڑی تعداد میں قابض فوجی تعینات ہیں جوبڑے پیمانے پر اور منظم طریقے سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کے پرامن حل کے لیے اس کے دیرینہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ کشمیری حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے مزید فعال کردار ادا کریں گے۔








