بھارت میں2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کی 31ہزارشکایات درج
نئی دہلی 02 جنوری (کے ایم ایس)بھارت میں قومی کمیشن برائے خواتین کوگزشتہ سال خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی تقریباً31ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں جو 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہیں اوران میں سے نصف سے زیادہ اتر پردیش سے موصول ہوئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 2020 کے مقابلے میں 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کی شکایات میں 30 فیصد اضافہ ہواہے ۔2020 میں 23,722 شکایات موصول ہوئی تھیں۔ کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق کل 30,864 شکایات میں سے سب سے زیادہ 11,013 عزت کے ساتھ جینے کے حق سے متعلق ہیں۔ اس کے بعد 6,633 گھریلو تشدد اور 4,589 جہیزپر ہراساں کرنے سے متعلق ہیں۔سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کی سب سے زیادہ 15,828 شکایات درج کی گئیں، اس کے بعد دہلی میں 3,336، مہاراشٹر میں 1,504، ہریانہ میں 1,460 اور بہار میں 1,456 شکایات درج کی گئیں۔اس سے قبل قومی کمیشن برائے خواتین کی سربراہ ریکھا شرما نے کہاتھا کہ شکایات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ کمیشن لوگوں کو اپنے کام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ضرورت مند خواتین کو مدد فراہم کرنے کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن نمبر شروع کیا ہے جہاں وہ شکایت درج کرا سکتی ہیں۔