مسلم کش فسادات میں مودی کے کردار کو بے نقاب کرنے پر بی بی سی کے خلاف مقدمہ درج
نئی دہلی13 اپریل (کے ایم ایس) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )نے گجرات میں 2002 کے مسلم کش فسادات میں نریندر مودی کے کردار کو بے نقاب کرنے پر برطانوی نشریاتی ادارے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) انڈیا کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ای ڈی نے بی بی سی انڈیا کے خلاف فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس میں اس پر غیر ملکی زرمبادلہ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی محکمہ انکم ٹیکس نے رواں برس فروری کے شروع میں نئی دہلی اور ممبئی میں بی بی سی دفاتر پر چھاپے مارے تھے۔
یہ کارروائیاں بی بی سی کے خلاف مودی کی فسطائی بھارت حکومت کے انتقامی ہتھکنڈوں کا حصہ ہیں کیونکہ اس نے گجرات میں مسلم مخالف فسادات پر ایک دستاویزی فلم“India: The Modi Question”جار ی کی تھی جس میں بی بی سی نے ریاست گجرات میں 2002 میں پیش آنے والے مسلم کش فسادات میں نریندر مودی کے کردار کو بے نقاب کیا تھا۔ مودی اُ س وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔