کیا500 کسان میرے لیے مرے ہیں؟نریندر مودی
نئی دہلی 03 جنوری (کے ایم ایس)بھارتی ریاست میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ کسانوں کے مسئلہ پر بات کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران وہ انتہائی مغرورلگ رہے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ستیہ پال ملک نے اتوار کو ہریانہ کے علاقے دادری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب میں نے ان کو بتایا کہ ہمارے اپنے 500 کسان مر چکے ہیں توانہوں نے کہا”کیا وہ میرے لیے مرے ہیں؟“ملک نے کہاکہ میں نے ان سے کہا کہ ہاں کیونکہ آپ ملک کے بادشاہ ہیں۔ بہرحال میں نے بحث ختم کردی۔گورنر نے کہاکہ انہوں نے مجھے امت شاہ سے ملنے کو کہا اور میں نے ایسا ہی کیا۔انہوں نے کہا کہ جب کتا مرتا ہے تو وزیر اعظم تعزیت کے لیے خط بھیجتے ہیں۔ ستیہ پال ملک حکومت اور بی جے پی کی قیادت پر خاص طور پر کسانوں کے مسئلہ پر تنقید کرتے رہے ہیں اور اکثر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑنے سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ میگھالیہ میں تعیناتی سے پہلے وہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور گوا کے گورنر رہے ہیں۔ان کے بیانات نومبر 2021 میں نئی دہلی کی طرف سے تین متنازعہ زرعی قوانین واپس لینے کے بعد سامنے آئے ہیں۔