مودی جھوٹ پھیلا رہے ہیں، کھرگے
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے بھارتی صدر دروپدی مرمو کے خطاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صدر کی جھوٹ سے بھری تقریر کے ذریعے محض اپنی سستی شہریت چاہتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کھرگے نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا”مودی عزت مآب صدر کو جھوٹ بولنے پر مجبور کر کے سستی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جسے بھارتی عوا م 2024 کے انتخابات میں پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں“۔
انہوں نے لکھا کہ صدر کا خطاب نریندر مودی کی حکومت نے تحریر کیا تھا،مودی یہ ماننے کو تیار نہیں ہیں کہ ملک کے لوگوں نے تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس صدر نے NEET پیپر لیک اسکینڈل، مہنگائی، منی پور میں تشدد، ٹرین حادثات اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم سمیت دیگرکئی مسائل کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے ملک کو درپیش ان اہم مسائل پر توجہ نہ دینے پر صدر پر بھی تنقید کی۔
کھرگے نے مودی حکومت کی جانب سے قومی سلامتی سے نمٹنے کے اقدامات کی بھی مذمت کی۔