یوم حق خودارادیت کے موقع پر جہلم ویلی میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد05 جنوری (کے ایم ایس)
تحریک استقلال یوتھ ونگ کے زیر اہتمام جہلم ویلی میں یوم حق خودارادیت کے موقع پر بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ سے آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی تسلط کو ختم کرکے کشمیری عوام اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ریاست ہے ۔ مقررین نے کہا کے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نئی حلقہ بندیاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کشمیری عوام کے خلاف ایک منصوبہ بندسازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کے بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوام کے خلاف عملاً اعلان جنگ کر رکھا ہے، جس کی واضح مثال بھارتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو مقبوضہ علاقے کی زمینوں کی کوڑیوں کے مول فروخت کا سیاہ منصوبہ ہے ۔مقررین میں تحریک استقلال یوتھ ونگ کے چیئرمین ریاض اعوان،تنویر درانی،منیر احمد کونشی،فیض اللہ خان درانی،شاہد اعوان،ارشد اعوان،آصف خان درانی اورشبیر اعوان شامل تھے ۔